بنگلورو، 26/اکتوبر (ایس او نیوز )نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس نے حال ہی میں چن پٹن اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخابات کے لیے نکھل کمار سوامی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ نکھل، جو سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے بیٹے ہیں، کرناٹک جے ڈی (ایس) کے ریاستی یوتھ یونٹ کے صدر بھی ہیں۔ ان کا مقابلہ سی پی یو گیشور سے ہوگا، جو بی جے پی ایم ایل سی کی حیثیت سے استعفیٰ دے کر حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ یہ انتخاب نکھل کے لیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ ان کے والد ایچ ڈی کمار سوامی نے اس سیٹ پر ماضی میں کامیابی حاصل کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایچ ڈی کمار سوامی (ایچ ڈی کے) نے 2018 اور 2023 کے اسمبلی انتخابات میں اس سیٹ سے یو گیشور کو شکست دی تھی۔ یہ سیٹ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں منڈ یا پارلیمانی حلقہ سے ایچ ڈی کے کی جیت کے بعد خالی ہوئی تھی۔ یہ اعلان سابق ایم ایل اے اور کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدیور پانے ایک پر یس کا نفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ اتحاد آئندہ ضمنی انتخابات میں تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا "ہم نے نکھل کمار سوامی کو این ڈی اے کا امیدوار قرار دیا ہے۔ ہم تینوں سیٹیں جیتنے والے ہیں. ہم ہائی کمان کے لیڈروں کے آشیر واد سے اعلان کر رہے ہیں کہ ہم انہیں میدان میں اتاریں گے۔ ہم 100 فیصد جیتنے کے بعد ملیں گے۔ میں اس بارے میں بات نہیں کرتا کہ کس نے پارٹی چھوڑی ؛ ہم نکھل کمار سوامی کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے جو بھی ضروری ہو گا کریں گے۔ مرکزی وزیر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا " آخر کار ہم نے بی ایس یدیور پا اور دونوں جماعتوں کے دیگر رہنماؤں کے آشیر واد سے نکھل کمار سوامی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میر افیصلہ یارائے نہیں تھی۔ ہماری پارٹی کے کارکنوں نے ان پر ضمنی انتخاب لڑنے کے لیے دباؤ ڈالا اور ہم نے یہ فیصلہ کیا۔ اعلان کے بعد نکھل کمار سوامی نے کہا " میں اپنے حلقے میں پنچایت ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر رہا ہوں اور یہ صرف اس لیے ہے کہ کمار سوامی نے کہا کہ ہمیں تمام کارکنوں اور لیڈروں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ میں ایک کارکن کی حیثیت سے اپنی پوری کوشش کر رہا ہوں۔ میں کام کر رہا ہوں۔ اور حالیہ سیاسی پیش رفت کے ساتھ ، این ڈی اے نے مجھے ایک موقع فراہم کیا ہے ، مجھے چن پٹن حلقہ کے لوگوں پر بہت اعتماد ہے۔